اسلام آباد: رواں مالی سال جولائی تا دسمبر پاکستان کو بیرونی ذرائع سے 334 ترقیاتی منصوبوں کے لیے معاونت ملی، ایشیائی ترقیاتی بینک 91 ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ سرفہرست رہا۔
اقتصادی امورڈویژن کی 6 ماہ کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔ جس کے مطابق پاکستان کو جولائی تا دسمبر 334 منصوبوں میں معاونت ملی، جس میں ایشیائی ترقیاتی بنیک 91 منصوبوں میں فنڈنگ فراہم کرکے سرفہرست ہے جبکہ عالمی بینک 62 منصوبوں میں فنڈنگ فراہم کررہاہے۔
امریکا پاکستان کے 22 منصوبوں میں معاون ہے اور اس میں سب سے زیادہ فنڈز کیری لوگر بل کے تحت فراہم کیے جا رہے ہیں، کیری لوگر کے تحت پاکستان کے لیے 19 ترقیاتی منصوبوں میں معاونت کی جا رہی ہے۔ چین پاکستان کے لیے 17 ترقیاتی منصوبوں میں معاون ہے۔
دستاویز کے مطابق فرانس 11 ترقیاتی منصوبوں میں پاکستان کا معاون ہے جبکہ برطانیہ 11 ترقیاتی منصوبوں میں پاکستان کا معاون ہے۔ امریکا نے منگلا ڈیم کی توسیع کے لیے 7ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں جبکہ امریکا نے سندھ میں بنیادی تعلیم کے فروغ کیلئے 1ارب10کروڑ روپے فراہم کیے۔