ویب ڈیسک
جوہانسبرگ: تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو جیت کے لیے 342 رنز کا ہدف دیا ہے۔
جوہانسبرگ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز کوئنٹن ڈی کوک اور ایڈن مارکرم نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 55 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
ایڈن مارکرم 39 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے، اس کے بعد ڈی کوک اور ٹمبا باووما نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، ڈی کوک 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اس وقت جنوبی افریقا کا اسکور 169 تھا جبکہ پروٹیز کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی رسی وین ڈر ڈوسن تھے جو 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ٹمبا باووما بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے کے بعد نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے اور انہیں 92 کے انفرادی اسکور پر حارث رؤف نے آؤٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے حارث روؤف نے 3 جب کہ شاہن آفریدی،محمد حسنین اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے ایک روزہ میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور پہلا میچ کھیلنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو تین وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔