بیوروچیف دبئی)
دبئی میں سیاحت کا ادارہ مئی سے موسم گرما کی تعطیلات کی مہم شروع کر رہا ہے جس میں خاص طور پراہل خانہ کے ساتھ چھٹیاں گزارنے والوں کو سیاحت کے لئے راغب کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔ اس عالمی مہم میں دبئی کو’فیملیز کے لئے سیر وسیاحت کی کثیر جہتی منزل‘کے طور پر پیش کیاجائے گا۔ اس مہم میں ہرعمر کے لوگوں کے لئے مختلف قسم کی پیشکش موجود ہوں گی۔اس سیاحتی مہم کا اعلان دبئی میں سیاحت اور تجارت کی مارکیٹنگ کے شعبے’ڈی ٹی سی ایم‘ کی میزبانی میں منعقد کی جانے والی ایک ورچوئل ٹاؤن ہال میٹنگ میں کیا گیا۔ اس اجلاس میں صنعتی شعبے سے تعلق رکھنے والے 600 سے زائد پیشہ ور افراد نے شرکت کی۔ موسم گرما کی تعطیلات گزارنے کے لئے متحدہ عرب امارات کا انتخاب کرنے کے حوالے سے سیاحوں اور دیگر مسافروں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے تشہیری مہمات اور دیگر سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ جس کے تحت ہوٹلوں میں رعایتی کرایوں پر قیام اور ایئرلائن ٹکٹوں پر ڈسکاؤنٹ اور اس کے علاوہ دیگر سہولتیں شامل ہوں گی۔