بیوروچیف دبئی)
حال ہی میں اسلام آباد سے شارجہ کے لئے بین الاقوامی فضائی آپریشن کا آغاز کرنے والی سیرین ایئر لاہور سے دبئی کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں چلائے گی سیرین ایئر کے مطابق لاہور سے دبئی کے لیے پروازوں کا آغاز 6 مئی سے ہوگا جس کے لیے ٹکٹوں کی بکنگ جاری ہے۔ ابتدائی طور پر ان پروازوں کا یکطرفہ کرایہ 18 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ سیرین ایئر نے اسلام آباد سے شارجہ کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں چلا کر بین الاقوامی فضائی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔
ایئر لائن کو متحدہ عرب امارات کے علاوہ سعودی عرب کے لیے پروازیں چلانے کی اجازت بھی مل چکی ہے۔
سیرین ایئر لائن جدہ اور ریاض کے لیے براہِ راست پروازیں چلائے گی تاہم کورونا وائرس کے باعث عائد سفری پابندیوں کی وجہ سے سعودی عرب کے لیے پروازیں تاحال شروع نہیں کی گئیں۔
نجی ایئر لائن نے 2017 میں پاکستان میں مقامی طور پر فضائی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ سیرین ایئر کے فضائی بیڑے میں 4 بوئنگ 737 اور ایک ایئر بس اے 330 شامل ہے جبکہ ائیر لائن نے حال ہی میں ایک اور ائیر بس اے 330 لیز پر حاصل کیا ہے۔ کورونا وائرس کے بعد دنیا بھر میں ہوا بازی کا شعبہ مندی کا شکار ہے جس کے باعث فضائی کمپنیوں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے