دبئی (بیوروچیف)
امارات میں اسلامی شریعت کے مطابق پہلے ڈیجیٹل بینک نے کام شروع کردیا ہے میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بینک زیورخ کیپیٹل فنڈز گروپ کے ذریعے قائم کیا گیا ہے اور اسے رزق سے موسوم کیا گیا ہے۔ نیا بینک اسلامی قانون کے مطابق بینکاری کی تمام خدمات فراہم کرے گا۔
یہ بینک موبائل فونز اور کمپیوٹرز کے ذریعے ڈیجیٹل بینکاری کی تمام خدمات چلائے گا اور اس کی ایپ کو ایپل سٹور، گوگل پلے (اینڈرائڈ سٹورز) اور بہت ساری کمیونیکیشن سائٹس اور سوشل میڈیا نیٹ ورکس کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ رزق کا آغاز متحدہ عرب امارات سے کیا گیا ہے تاہم اس کا ہدف مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے صارفین ہیں زیورخ کیپیٹل فنڈز گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر فہد المرعبی نے کہا کہ بینک اس کے ڈیجیٹل پروگرام میں نیا اضافہ ہے جس نے پہلے ہی شریعت کے مطابق ڈیجیٹل کرپٹو تبادلہ پلیٹ فارم شروع کیا تھا اور اس میں ڈیجیٹل کرنسیوں کی ایک رینج موجود ہے۔دبئی کے تاجر محمد العبار نے اس ماہ کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی متحدہ عرب امارات میں ایک نیا ڈیجیٹل بینک شروع کرنے والے گروپ کی قیادت کریں گے۔ اعمار پراپرٹیز کے بانی، دبئی مال اور برج خلیفہ کے ڈویلپرالعبار نے 2017 میں نون آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم لانچ کرنے کے لیے سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ساتھ مل کر کام کیا۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں آن لائن بینکنگ تیزی سے مقبول ہوگئی ہے۔ گذشتہ اکتوبر میں بوسٹن کنسلٹنگ گروپ کے ایک سروے میں 70 فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ وہ ایک نیا بینک ڈھونڈ رہے ہیں جبکہ 87 فیصد نے کہا کہ وہ صرف برانچ لیس ڈیجیٹل لینڈر کے ساتھ اکاؤنٹ کھولنے کے لیے راضی ہوں گے۔