Reg: 12841587     

پاکستان اور سعودی عرب میں کن معاہدوں پر دستخط ہوئے

(بیوروچیف دبئی )

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان مذاکرات کے بعد دونوں ملکوں نے اعلی رابطہ کونسل سمیت تین معاہدوں اور دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم پاکستان نے سعودی پاکستانی اعلی رابطہ کونسل کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے سعودی ولی عہد اورعمران خان کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے درمیان دو معاہدوں اور دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جس میں سزایافتگان کے سلسلے میں تعاون کا معاہدہ، انسداد جرائم کے سلسلے میں تعاون کا معاہدہ شامل ہے۔ ان دونوں معاہدوں پر سعودی عرب کی طرف سے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز اور پاکستان کی جانب سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دستخط کیے۔ انسداد منشیات کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر مملکت کی جانب سے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز اور پاکستان کی طرف سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دستخط کیے ہیں۔ توانائی، بنیادی ڈھانچے، ٹرانسپورٹ، پانی اور مواصلات کے شعبوں میں منصوبوں کی فنڈنگ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر سعودی عرب کی طرف سے وزیر سیاحت و سربراہ سعودی ترقیاتی فنڈ احمد الخطیب اور پاکستان کی جانب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دستخط کیے۔ یاد رہے کہ عمران خان سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جمعے کو جدہ پہنچے تھے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر وزیر تجارت و قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی اور متعدد عہدیدار بھی خیر مقدم کے لیے موجود تھے۔ مذاکرات میں سعودی عرب کی طرف سے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود، نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ، وزیر مملکت و رکن کابینہ و مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد العیبان، وزیر تجارت و قائم وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی اور پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف المالکی شریک ہوئے۔ وزیراعظم پاکستان کی معاونت کے لیے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، وزیراعظم کے معاون خاص برائے ماحولیات امین اسلم اور مملکت میں پاکستان کے سفیر بلال اکبر بھی شریک ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Previous Post

ہرارے ٹیسٹ: عابد علی کے 150 رنز، پاکستان کی بیٹنگ جاری

Next Post

پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی رہنما ء میرپورمرزا افتخار قیوم کی طرف سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اعزاز میں شاندار افطار

Related Posts
Total
0
Share