دبئی (خصوصی رپورٹ)
امارات میں وبا سے نمٹنے کےلئے عائد کی گئی پابندیاں نرم کردی گئی ہیں تاہم اب بھی کچھ پابندیاں برقرار ہیں جس پر عملدرآمد لازم ہے بصورت دیگر آپ کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے جس میں سزا جرمانے یا دونوں شامل ہیں، حکام کےمطابق عوامی اجتماعات اور نمائشوں کی اجازت دیدی گئی ہے تاہم اس میں صرف مکمل ویکسینیشن کرانے والے ہی شرکت کے اہل ہوں گے ۔
ان ایونٹس میں شریک ہونے والوں کو ماسک پہنا اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔ اس کے علاوہ شادی ہال ہوٹل اور پارٹیز میں جتنے مہمانوں کی تعداد مقرر کی گئی ہے اس کے مطابق اجازت نامہ لینا ہوگا اور اس پر سختی سے عمل کرنا ہوگا امارات میں رائج قانون کے مطابق ایس او پی کی خلاف ورزی پر میزبان سے 10 ہزار جبکہ ہرمہمان سے 5 ہزار درہم جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ یواے ای کی مختلف امارت میں جن شرائط کے ساتھ تقریبات کی اجازت دی گئی ہے وہ یہ ہیں:۔
دبئی میں نئے ایس او پیز
شادی کی تقریب میں صرف مکمل ویکسینشن کرانے والے ہی شریک ہوسکیں گے ۔ ہوٹل یا شادی ہال میں تقریب کی صورت میں زیادہ سے زیادہ 100 مہمانوں جبکہ گھروں میں تقریب کی صورت میں 30 مہمان شریک ہوسکیں گے۔
تفریحی مقامات پر لوگوں کی گنجائش کو بڑھا کر 70 فیصد کردیا گیا ہے۔
کسنرٹ اور سپورٹس ایونٹس کا انتظامی سٹاف، شرکا اور تماشائی کے لئے ویکسینیشن لازم ہوگی۔
انڈور ایونٹس میں 1500 اور آوٹ ڈور ایونٹس میں 2500 افراد شرکت کرسکیں گے۔
ریسٹورنٹ میں فی ٹیبل 10 افراد اور شیشہ وینو میں ایک ٹیبل پر 6 افراد کو بیٹھنے اجازت ہوگی۔
شارجہ میں نئے ایس او پیز
سماجی تقریبات میں زیادہ سے زیادہ 20 افراد شریک ہوسکیں گے اور ان کے درمیان کم سے کم 4 میٹر کا فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔
مہمانوں کو ایونٹس سے قبل اور اس کے دوران تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ تقریب کی جگہ پر وینٹیلیشن کا معقول انتظام ہونا چاہئے۔
مہمان ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے یا گلے ملنے سے گریز کریں۔
تمام افراد کے لئے ماسک کا استعمال لازم ہوگا۔
ریسٹورنٹ میں کھانے کی میز پر 4 افراد کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی اور ساتھ میں سینٹائزیشن کے لئے ضروری اشیا رکھنا ہوگی۔
عجمان کے نئے ایس او پیز
شادی کی تقریب میں 10 افراد شریک ہوسکیں گے۔
جنازے میں 20 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔
ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا لازم ہے۔
دبئی شارجہ اور عجمان پولیس نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ان نرمی کے باوجود احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ غیرضروری اجتماعات، تقریبات سے گریز کریں تاکہ اس وبا کا پھیلاو روکا جاسکے۔