Reg: 12841587     

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہرقسم کی علاقائی تبدیلی کو روکے، مقررین کا مطالبہ

رپورٹ سید فرحت حسین کاظمی

برسلز میں ایک سیمینار کے مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی علاقائی حیثیت بدلنے اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی اجازت نہ دے۔

سیمینار کے اہتمام کشمیرکونسل ای یو نے یورپی پریس کلب برسلز میں کیا جس میں ماہرین، دانشور اور زندگی کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

سیمینار کے شرکاء نے تیس سال قبل گیارہ جون کو چھوٹا بازار سری نگر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے افراد کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

یاد رہے کہ گیارہ جون 1991ء کو بھارت کے درندہ صفت فوجیوں نے سری نگر کے گنجان آباد علاقے چھوٹا بازار میں بلااشتعال فائرنگ کرکے 37 بے گناہ افراد کو شہید اور بائیس کو زخمی کردیا تھا۔ فائرنگ سے کئی دوکاندار اور راہگیر بھی نشانہ بنے اور مرنے والوں میں ایک 85 سالہ عمررسیدہ شخص اور ایک دس سالہ بچہ بھی شامل تھے۔

سیمینار کی صدارت کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کی جبکہ سیمینار میں سابق رکن یورپی پارلیمنٹ بیورن ہولتن اور ہنگری کے ممتازصحافی آندرے بارکس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ دیگر مقررین میں سینئرکشمیری رہنماء سردار صدیق، پی پی پی رہنماء ملک اجمل، پاکستانی دانشور راؤ مستجاب احمد، کشمیری رہنماء میرشاہجہان، چوہدری خالد جوشی اور سردار محمود اور بلجیم کے پاکستانی نژاد کونسلرز عامر نعیم سنی اور ناصر چوہدری اور پی ٹی آئی کے رہنماء سید اظہر شاہ شامل تھے۔ دیگر شرکاء میں زبیر اعوان، سید ساجد شاہ اور خرم شاہ قابل ذکر ہیں۔

سیمینار کے مقررین نے کہاکہ اگرچہ چھوٹا بازار کے دلسوز واقعے کو تیس سال گزر چکے ہیں لیکن آج بھی کشمیریوں کے لیے یہ غم تازہ ہے، خاص طور پر وہ لوگ اس دردناک واقعے بھول نہیں سکتے جن کے پیارے اس واقعے میں جانبحق ہوگئے تھے۔

مقررین نے مودی کے جموں کو مقبوضہ کشمیر سے الگ کرنے کے مذموم منصوبے کی مذمت کرتئے ہوئے کہاکہ جموں کو الگ کرنے کی سازش عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، خاص طور پر یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے جن میں جموں و کشمیر کے تمام علاقوں میں رائے شماری کے ذریعے اس خطے کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کے لیے کہاگیا ہے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر سخت تشویش ظاہر کی اور کہاکہ عالمی برادری بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم رکوائے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ شہداء کی قربانیاں رائیگان نہیں جائیں گی بلکہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے ان کا مشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔

علی رضا سید نے کہاکہ اب تک بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کو چھپانے میں ناکام رہا ہے اور نہ ہی وہ کشمیریوں کی جدوجہد کو روک سکا ہے۔

علی رضا سید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں پر ظلم و ستم بند کروانے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Previous Post

امارات نے برطانیہ کو گرین لسٹ سے نکال دیا دو نئے ملک شامل

Next Post

کونسلر شکیل احمد نے کنگز وے پارک سکول میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کر ریا

Related Posts
Total
0
Share