دبئی (بیورو رپورٹ)
حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور مشنز کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے جلد خصوصی گیٹ وے “وزیر خارجہ پورٹل پاکستان” کا آغاز کرے گی،جس کے ذریعے بیرون ملک پاکستانی فیڈ بیک،شکایات اور تجاویز دے سکیں گے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ جلد ہی ویژن ایف او کے تحت قائدانہ پلیٹ فارم ایف ایم پورٹل کا آغاز کررہے ہیں۔
اس پورٹل کو ، فیڈ بیک، شکایات اور تجاویز کی شکل میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور مشنز کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کے مقصد کے تحت تشکیل دیا گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس منصوبے کی آزمائش جاری ہے اور پہلے مرحلے میں ، ایف ایم پورٹل کو جدہ ، دبئی ، بارسلونا ، لندن اور نیویارک کے مشنز میں متعارف کرایا جائے گا۔ اس کے بعد اس کا دائرہ تمام مشنوں تک بڑھادیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ذاتی طور پر زیادہ موثر خدمات اور پیشرفت کے لئے پاکستانی تارکین سے مشورے اور تجاویز لینے کے خواہاں ہیں۔ وزیر خارجہ کا پورٹل پاکستان مقامی طور پر قومی آئی ٹی بورڈ نے ڈیزائن اور بنایا ہے۔ جو اگلے چند ہفتے میں دستیاب ہوگا۔