مشال ارشد سی ایم انڈرگراونڈ نیوز
لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد رہا کر دیا گیا۔
لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خواجہ آصف کی ضمانت منظور کی تھی۔
جیل حکام خواجہ آصف کی رہائی کے احکامات لے کر اسپتال پہنچے اور اسپتال عملے کو رہائی کی روبکار دیکر روانہ ہو گئے۔
سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کاشف رسول کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔
خواجہ آصف جناح اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کے وکیل نجم الحسن کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے خواجہ آصف کو دو دن تک آرام کا مشورہ دیا ہے، خواجہ آصف کا مثانے کا آپریشن ہوا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض خواجہ آصف کی ضمانت منظور کی تھی۔
یاد رہے کہ خواجہ آصف کو 29 دسمبر 2020 کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ خواجہ آصف نے درخواست ضمانت 27 مارچ 2021 کو دائر کی تھی