مشال ارشد سی ایم انڈرگراونڈ نیوز
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ان کے ہوتے ہوئے کوئی قانون قرآن و سنت کے خلاف نہیں بن سکتا۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ گھریلو تشدد روکنے کے بل کو کل اسلامی نظریاتئ کونسل کو بھیجنے کے لیے ایجنڈے میں رکھا گیا لیکن کل بھیجا نہیں گیا اور آج ایجنڈے سے ہی نکال دیا گیا۔
اس پر قومی اسمبلی اجلاس میں گھریلو تشدد کے بارے میں سینیٹ سے ترامیم کے ساتھ منظور کردہ بل پیش نہ ہوسکنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ بل اپوزیشن اور حکومت میں مزید مشاورت اور پڑھنے کے لیے پیر تک ملتوی کیا ہے، کچھ قانونی رائے ضروری تھی جلد ہی یہ بل کونسل کو بھیج دیا جائے گا۔
اسپیکر کہنا تھا کہ میرے ہوتے ہوئے کوئی قانون قرآن و سنت کے خلاف نہیں بن سکتا جب کہ وزیر اعظم کی بھی واضح ہدایات ہیں کہ کوئی قانون قرآن و سنت کے خلاف نہیں ہونا چاہیے۔