مانچسٹر(عارف چوہدری)
ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد ان کے اس بنیادی مسلمہ حق خودارادیت کیلئے ہے جسے اقوام متحد نے اپنی قراردادوں میں تسلیم کر رکھا ہے,وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد ان کے اس بنیادی مسلمہ حق خودارادیت کیلئے ہے جسے اقوام متحد نے اپنی قراردادوں میں تسلیم کر رکھا ہے، ہندستانی افواج کے کشمیری مسلمانوں پرانسانیت سوز، بدترین مظالم کے باوجود کشمیری عوام کی جدوجہد پوری قوت سے جاری ہے اورکشمیریوں کی ثابت قدمی کے باعث مقبوضہ ریاست جموں وکشمیرمیں قابض بھارتی مسلح افواج کے پاؤں اکھڑرہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے زیراہتمام’یوم شہداء کشمیر‘ کے موقع پر زوم پربین الاقوامی پارلیمانی کانفرنس میں اپنے پیغام میں کیا۔
اس کانفرنس کی میزبانی اور صدارت تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چئیرمین راجہ نجابت حسین نے کی جبکہ زوم پر کانفرنس سے سید فخر امام ایم این اے وفاقی وزیر، جیریمی کوربین ایم پی،برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر محترم معظم احمد خان، برطانوی پارلیمنٹ میں چیئرپرسن کشمیر فیرینڈز گروپ ڈیبی ابرہام ایم پی، ممبرپارلیمنٹ اینڈریو گیون، لارڈ نذیر احمد، لارڈ واجد خان، شیڈو وزیر بیرسٹر یاسمین قریشی ایم پی،خالد محمود ایم پی، افضل خان ایم پی، شیڈو وزیر، ناز شاہ ایم پی، محمد یٰسین ایم پی،کنوینئرحریت کانفرنس سید فیض نقشبندی، حریت رہنما محمد احسن انتو، سینیٹر مشاہد حسین سید، سینیٹر ڈاکٹر زرقا تیمور سہروردی،شانداانہ گلزار خان ایم این اے، عظمہ ریاض جدون ایم این اے، نورین فاروق ابراہیم ایم این اے،سابق ڈائریکٹر جنرل جموں کشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی، عبید الرحمن قریشی صدر یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان، کونسلر یاسمین ڈار، ناز بلوچ ایم این اے،، ذیشان عارف چیئرمین یوتھ ونگ جے کے ایس ڈی ایم آئی یو کے، ڈاکٹر شگفتہ عباسی، مریم ادریس اور کنول حیات نے خطاب کیا۔
ویراعظم ریاست راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ 13جولائی1931کو کشمیری مسلمانوں نے اپنے سینوں کو گولیاں کھا کر جام شہات نوش کیا اورقربانیوں کی ایسی لازوال داستان رقم کی ہے جس پرآج بھی ریاست جمں وکشمیر کے عوام عمل پیرا ہے۔ وزیراٰعظم نے برطانوی و یورپی ممبران پارلیمنٹ کی طرف سے کشمیریوں کے بنیادی حق کی خاطر آوازاٹھانے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور راجہ نجابت حسین کی تنظیم اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا جو برطانیہ اور یورپ میں لابی گروپ کے طور پر کشمیریوں کی آواز کو موثر انداز میں بلند کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر سید فخرامام نے کہا کہ پاکستان کا بڑاواضح اوردوٹوک موقف ہے کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے، انہوں نے کشمیری شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور پاکستان کے عوام کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چئیرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ 1931 میں بائیس کشمیری نوجوانوں نے اپنے مقدس خون سے جس تحریک کی بنیاد رکھی تھی وہ 90 سال گزرنے کے بعد بھی پوری قوت سے جاری ہے اور دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کا راستہ نہیں روک سکتی، انہوں نے کہا کہ برطانوی اور یورپی ممبران پارلیمنٹ کی اکثریت نے ہمیشہ ہماری آواز کے ساتھ اپنی موثر آواز ملا کر اپنا کردار ادا کیا ہے جس کے لیے ہم ان کے شکرگزار ہیں۔
ممبران پارلیمنٹ نے اس ورچول کانفرنس سے زوم پر اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بند کرے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق دے۔
دیگر مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی جدو جہد آزادی کے ساتھ خطے کا امن وابستہ ہے جب تک کشمیریوں کا ان کا حق نہیں ملتا خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا، لاکھوں کشمیری اس جدو جہد میں قربانیاں دے چکے ہیں جو رائیگان نہیں جائیں گی۔