واشنگٹن: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کیلی فورنیا میں ہیلی کاپٹر کے گرکر تباہ ہونے کا واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، ہیلی کاپٹر پر سوار تمام افراد مارے گئے جن کی تعداد 4 تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ متعلقہ ادارے نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجکر 15 منٹ پر پیش آیا۔ رابنسن آر 66 ہیلی کاپٹر سیکر مینٹوں کے علاقے میں گرکر تباہ ہوا۔
عراق میں فوجی ہیلی کاپٹر تباہ، ہلاکتوں کی تصدیق
ایف اے اے نے حادثے میں تمام لوگوں کے مارے جانے کی تصدیق کی۔
دوسری جانب امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) اس حادثے کے اسباب کی جانچ کر رہی ہے۔ این ٹی ایس بی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ ہماری ٹیم یکم اگست کو کیلی فورنیا میں کولوسا رابنسن آر 66 ہیلی کاپٹر کے حادثے کے شکار ہونے کی تحقیق کررہی ہے۔
یہ حادثہ کولوسا کے قریب ریزرویشن روڈ پر ہائی وے 45 کے قریب پیش آیا۔