مزمل حسین ایڈمنسٹریٹر آفیسر انڈرگراونڈ نیوز
امریکا میں بھی جعلی کورونا ویکسینیشن کارڈ کا دھندا شروع ہوگیا ہے اور ایک جعلی ویکسینیشن کارڈ 25 سے 200 (4 ہزار سے 32 ہزار روپے) ڈالر تک میں مل رہا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی حکومت کی جانب سےکورونا کی بھارتی قسم (ڈیلٹاویرینٹ) کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جامعات اور کالجوں میں طلبا کو کورونا ویکسین لگوانےکا پابندکیا جا رہا ہے۔
ان حالات میں ویکسین کی مخالفت کرنے والے بعض افراد نے جعل سازی کا راستہ اختیار کر لیا ہے جس کے باعث تعلیمی اداروں کی انتظامیہ پریشان ہے۔
خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے درجنوں اساتذہ اور طلبا نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کورونا ویکسینیشن کے جعلی کارڈ کتنی آسانی سے دستیاب ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر جعلی ویکسینیشن کارڈز کی فروخت دھڑلے سے جاری ہے۔
ماہرین نے جعلی ویکسینیشن کارڈز کی فروخت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہےکہ اس طرح ڈیلٹا ویرینٹ کو قابو کرنا مشکل ہوجائے گا جو کہ پہلے ہی تیزی سے امریکا میں پھیل رہا ہے۔