مزمل حسین ایڈمنسٹریٹر آفسیر انڈرگراونڈ نیوز
سابق ٹیسٹ کرکٹر اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی میں بہت بڑا سپر اسٹار بننے کے لیے سب کچھ ہے اور ان کا بہترین بولر بننے کا سفر کامیابی سے جاری ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ دنیا میں اس وقت جو بولرز تیزی سے آگے آ رہے ہیں ان سب میں شاہین شاہ آفریدی سب سے زیادہ زبردست ہے، وہ بہت کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہین کا مکینیکل ایکشن ہے، ینگ ایج میں تینوں فارمیٹ کھیل رہا ہے، انہیں آرام کا موقع نہیں مل رہا یا انہیں آرام نہیں دیا جا رہا لیکن اس کے باوجود شاہین نے خود کو بہت زیادہ امپروو کیا ہے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کا سفر جاری ہے اور انہیں قد کی وجہ سے بہت مدد مل رہی ہے، اس نے نئے گیند سے سوئنگ کرنا بھی سیکھ لیا ہے اور اسے لمبے اسپیل کرنا بھی آگئے ہیں، اس لیے میں کہتا ہوں کہ شاہین شاہ آفریدی میں سپر اسٹار بننے کے لیے سب کچھ ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز برابر ہونے کے بارے میں عاقب جاوید نے کہا کہ ویسٹ انڈیز میں پچز اتنی آسان نہیں تھیں، دوسرے ٹیسٹ میں فواد عالم کی غیر معمولی اننگز کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کھیل میں واپس آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی بیٹنگ کا مسئلہ نیا نہیں ہے، یہ مسئلہ بہت پرانا چلا آرہا ہے، اس کا ایک ہی حل ہے کہ اے ٹیم مستقل ہو جو مشکل کنڈیشنز میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور ساؤتھ افریقا میں کھیلے، اس کے ساتھ ساتھ ٹورز باقاعدگی سے ہوں، اگر ایسا نہیں ہو گا تو پھر یہ مسئلہ چلتا رہے گا۔
سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے کہا کہ اظہر علی کی ماضی میں پرفارمنس اچھی رہی ہے، وہ ٹیم کے واحد سینئر کھلاڑی ہیں، اس کے بعد بابر اعظم اور فواد عالم کا نمبر آتا ہے، فواد عالم کا ڈیبیو کب ہوا اور انہوں نے اب تک صرف 13 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں، اس سے اندازہ لگا لیں کہ ہم نے اپنی ٹیم کو کتنا توڑا موڑا ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک ہی کھلاڑی ہو جس نے 50 سے زائد یا 70 سے اوپر ٹیسٹ میچز کھیلے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو دیکھیں 6 سے زائد کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے 40 سے زائد ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں، اس کا مطلب ہے کہ انہوں نے بھی ٹیم بنانے کا پلان کیا ہوا ہے، ہمیں بھی لانگ ٹرم پلان کرنا ہو گا اس لیے کہتا ہوں کہ پہلے ٹیلنٹ کو شناخت کریں اور پھر اسے مسلسل موقع دیں۔
ہیڈ کوچ لاہور قلندرز نے کہا کہ شان مسعود میں مجھے موجودہ دونوں اوپنرز سے زیادہ ٹیلنٹ دکھائی دیتا ہے، شان مسعود نے مشکل کنڈیشنز میں پرفارم کیا ہوا ہے لیکن ہم یہاں پلیئرز کے سال 2 سال ضائع کر دیتے ہیں، ہم نے فواد عالم کے 10 سال ضائع کر دیئے ہیں، اگر تبدیلیاں کرتے رہیں گے تو نتائج حاصل نہیں ہو ں گے اور معاملات ایسے ہی رہیں گے۔
یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران شاہین شاہ آفریدی نے 10 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ 2 میچز کی اس سیریز میں شاہین شاہ نے مجموعی طور پر 18 شکار کیے جو کسی بھی 2 میچز کی سیریز میں ایک پاکستانی فاسٹ بولر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔