برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو سے تعلق رکھنے والے شخص نے دنیا بھر میں پھیلی عالمی وبا کووڈ سے بچنے کے لیے کورونا کی ایک دو نہیں پوری 5 خوراکیں لگوا لیں۔
برازیلی میڈیا کے مطابق ایک نامعلوم شخص نے 10 روز کے دوران فائزر، ایسٹرا زینیکا اور کورونا ویک ویکسین کی مجموعی 5 خوراکیں لگوا لیں اور وہ دنیا کے واحد شخص ہیں جس نے کورونا کی 5 خوراکیں لگوائی ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق اس بارے میں حکام کو اس وقت معلوم ہوا جب وہ گُمنام شہری کورونا کی چھٹی خوراک لگوانے ویکسی نیشن مرکز پہنچا تاہم اس حوالے سے فی الحال کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ آیا وہ چھٹی خوراک لگوانے میں بھی کامیاب رہا یا نہیں۔
مقامی شعبہ صحت نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس کیس میں بظاہر رجسٹریشن کی کوئی غلطی معلوم نہیں ہوتی تاہم واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ ایک شخص نے کورونا کی 5 خوراکیں کیسے لگوا لیں۔