دبئی (خصوصی رپورٹ )
پاکستان سے دبئی کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے روانگی سے پہلے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کروانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
ایمریٹس ائر لائن نے کہا ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق 27 اگست سے کردیا گیا کہ پاکستان سے آنے والے تمام مسافر روانگی سے قبل ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کرائیں۔ خیال رہے کہ 5 اگست کو متحدہ عرب امارات نے پاکستان، انڈیا، نائجیریا اور چند دیگر ممالک سے ٹرانزٹ پروازوں کے ذریعے آنے والے مسافروں کے داخلے پر عائد پابندی اٹھا دی تھی۔ تاہم ان ممالک سے آنے والوں پر شرط عائد کی گئی تھی کہ وہ پرواز سے قبل کورونا ٹیسٹ کا منفی رزلٹ دکھائیں گے جو روانگی سے چار گھنٹے پہلے لیا گیا ہو۔
ایمریٹس ایئر لائن کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، انڈیا اور چند دیگر ممالک سے دبئی آنے والے مسافروں کو دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک اور پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔ بیان کے مطابق پاکستان سے دبئی یا ٹرانزٹ کرنے والے مسافروں کو فلائٹ پر چڑھنے سے پہلے ائرپورٹ پرریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کرانا پڑے گا۔
اماراتی شہریوں پر دیگر شرائط لاگو نہیں ہوتیں، تاہم انہیں دبئی پہنچنے پر پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔ خیال رہے کہ عرب امارات جانے والے تمام مسافروں کے لیے پاکستان کے تمام بین الاقوامی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کورونا کی علامات ظاہر ہونے سے پہلے ہی انسان میں اس کی موجودگی کا تعین کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دیگر اقسام کے ٹیسٹ وائرس میں موجود پروٹین کا پتہ لگاتے ہیں جس سے انسان کے سانس لینے کے نظام میں کورونا وائرس کی موجودگی کا علم ہوتا ہے۔