مزمل حسین ایڈمنسٹریٹر آفسیر انڈرگراونڈ نیوز
گزشتہ روز انتقال کر جانے والے سینئر کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کو سخت سیکیورٹی میں رات کے اندھیرے میں سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔
یہ بات ایک غیر ملکی خبر ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سید علی گیلانی کے جنازے اور تدفین میں صرف پڑوسیوں اور قریبی رشتے داروں کو شرکت کی اجازت دی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فورسز نے حیدر پورہ کے علاقے میں قبرستان کو بھی سیل کر دیا جہاں سید علی گیلانی کو سپردِ خاک کیا گیا۔
سید علی گیلانی کشمیر پر بھارتی قبضے کے بڑے مخالف اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے علم بردار تھے۔
پاکستان میں سید علی گیلانی کی وفات پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور ان کی یاد میں ایک دن سرکاری سطح پر سوگ منایا جائے گا۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیرِ اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق، وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت حریت رہنماؤں اور پاکستان کے دیگر رہنماؤں نے سید علی گیلانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔