نمائندہ (لاہور)
لاہور ہائیکورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری جے آئی ٹی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ،انسپکٹر رضوان قادر کی درخواست پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں 7 رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی۔
دوران سماعت ایڈووکیٹ اعظم نذیرتارڑ نے اپنے دلائل میں عدالت کو کیس کی تفصیلات اور اس میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق متاثرین کی طرف سے بیرسٹرعلی ظفرپیش ہوئے جس دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم اس کیس کو ایسے ہی سنیں گےکہ جیسے یہ پہلے دن دائر ہوا ہے، پہلے بیرسٹر علی ظفر درخواست کے قابل سماعت ہونے پردلائل دیں کیوں کہ حقائق بتانا درخواست گزار کے وکیل کی صوابدید ہے، جس پرایڈووکیٹ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عدالت کیس کی مسلسل 2 یا 3 دن سماعت کرلے تو مناسب ہو گا۔
اعظم نذیر تاررڑ کی دلیل پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم آپ کے دلائل ایک دو روز میں مکمل سن لیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ عدالت کے استفسار پر وکیل اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ متاثرین جے آئی ٹی میں پیش نہیں ہوئے۔
جس پر عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل کو دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔