دبئی (بیورو رپورٹ)
امارات نے ریٹائرڈ غیر ملکیوں کیلئے اقامہ جاری کرانے کی چھ شرائط کا اعلان کیا ہےـ ریٹائرڈ غیر ملکیوں کو جاری ہونے والے اقامے کی مدت پانچ برس ہوگی ـ
امارات الیوم کے مطابق ملازمتوں سے سبکدوش ہونے والے غیر ملکیوں کو جاری کیے جانے والے اقامے کے لیے مقرر کی جانے والی چھ شرائط جن میں اہم ترین شرط مالی استطاعت کی ہے جس کے تحت ریٹائرڈ افراد کو کم ازکم 10 لاکھ درھم یا مساوی رقم کے ڈپازٹ کا ثبوت فراہم کرنا ہوگاـ
مالیاتی شرط میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کو اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ وہ ڈپازٹ کی گئی رقم کوامارات منتقل کرے یا سرمایہ کاری میں استعمال کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں چھ ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹ بھی جمع کرانا ہوگی ـ
درخواست گزار کو سالانہ آمدنی کا سرٹیفکیٹ بھی دینا ہوگا جو ایک لاکھ 80 ہزار درھم یا اس کے مساوی ہوـ اقامہ حاصل کرنے کے لیے ریٹائرڈ افراد کو پیشہ ورانہ تجربے کا سرٹیفیکٹ بھی پیش کرنا ہوگا جو کم از کم 15 برس کا ہونا چاہئےـ درخواست کے ساتھ اپنی رنگین تصویر اور پاسپورٹ کی فوٹو کاپی جمع کرانا ہوگی۔
نیشنلیٹ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ اقامہ حاصل کرنے والے ریٹائرڈ افراد اپنے اہل خانہ کے لیے بھی اقامہ جاری کرانے کے اہل ہوں گے جس کے لیے ڈیجیٹل طریقے سے درخواست جمع کرائی جا سکے گی۔