مزمل حسین ایڈمنسٹریٹر آفسیر انڈرگراونڈ نیوز
پی سی بی سینٹرل پنجاب انٹر کلب چیمپئن شپ کے میچ میں مغلپورہ وائٹس کلب کے وقاص خالد کو دل کا دورہ پڑا، ریسکو حکام نے انہیں ابتدائی طبی امداد دی مگر وہ جانبر نہ ہوسکے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 نومبر 2021ء ) پی سی بی سینٹرل پنجاب انٹر کلب چیمپئن شپ کے میچ میں ہارٹ اٹیک سے ایک کرکٹر چل بسا۔ مغل پورہ وائٹس کرکٹ کلب کے صدر خورشید کے مطابق جلو سٹیڈیم میں باغبانپورہ ایگلٹس کے خلاف میچ میں مغل پورہ وائٹس کلب کے بیٹر وقاص خالد کا انتقال ہوگیا، وقاص خالد آؤٹ ہونے کے بعد باہر آئے تو اچانک بیٹھے اور گر گئے۔موقع پر موجود ریسکو حکام نے انہیں ابتدائی طبی امداد دی مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔ افسوس ناک واقعے کے بعد امپائرز نے میچ روک دیا۔
اس موقع پر موجود چند افراد کا کہنا تھا کہ وقاص خالد آئوٹ ہوکر واپس آئے تو انہوں نے کوچ سے کہا کہ مجھ سے رنز نہیں ہو پارہے اسی دوران ہارٹ اٹیک ہوگیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے ڈاؤ یونیورسٹی گراؤنڈ پر جاری میچ کے دوران کھلاڑی رضوان دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا تھا، رضوان بیٹنگ کرکے واپس لوٹا تھا کہ دل میں تکلیف محسوس ہوئی جس کے بعد ساتھی کھلاڑیوں نے رضوان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔