دبئی (بیورورپورٹ)
امارات میں سکولز اور دیگر تعلیمی ادارے جنوری 2022 تک مکمل طور پر کھل جائیں گے۔ نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے یہ اعلان حکومت کی کورونا وائرس سے متعلق ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کیا۔ ادارے نے بتایا کہ صرف کلاسیں ہی نہیں، بلکہ سکول بسیں بھی دوبارہ سے مکمل طور پر چلیں گی۔ اس کے علاوہ، والدین کو تعلیمی اداروں کی تقریبات میں شرکت کرنے کی اجازت ہوگی۔
تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ ان کے پاس الحصن ایپ پر گرین پاس اور زیادہ سے زیادہ 96 گھنٹے پرانا منفی پی سی آر ٹیسٹ موجود ہو۔ دریں اثنا یونیورسٹی ہاسٹلز میں داخل ہونے کے لیے کورونا وائرس کی ویکسین لگوانا لازمی ہے۔ وہ افراد جنہیں طبی استثنیٰ حاصل ہے انہیں ہر ہفتے پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ دکھانی ہوگی۔ اساتنذہ، ایدمنسٹریشن کے عملے اور طالب علموں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ کورونا وائرس کی بوسٹر خوراکیں لگوائیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ’ہم تعلیمی سیکٹر کو ایک بار پھر کہہ رہے ہیں کہ اساتذہ، طالب علموں اور ایڈمنسٹریشن کے عملے کو بوسٹر خوارکیں لگوانے کے لیے زور دیں۔ خاص طور پر اس دوران جب وائرس کے مختلف ویرینٹس دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ اس سے اجتماعی طور پر قوت مدافعت بڑھے گی اور تعلیمی اداروں میں محفوظ ماحول قائم ہوگا۔
تین اکتوبر کو دبئی کے نجی اداروں میں آن لائن کلاسوں کا سلسلہ ختم کردیا گیا تھا۔ یہ فیصلہ 23 اگست کو امارت سپریم کمیٹی برائے کرائسز اینڈ ڈزاسٹر مینیجمنٹ کے اس بارے میں اعلان کے بعد کیا گیا تھا