Reg: 12841587     

مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی

(اسلام آباد/لندن)عارف چودھری

مسئلہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اور عالمی برادری کو مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر فوری طور پر توجہ دینی چاہیے۔ اوورسیز کشمیری ریاستی عوام کی بھرپور نمائندگی کر رہے ہیں اور آزادجموں وکشمیر کی موجودہ حکومت اوورسیزکشمیریوں کے تمام مسائل کو حل کرنے کے لئے عملی اقدامات اُٹھا رہی ہے اور سفارتی محاز پر اوورسیز کشمیریوں کی سرگرمیوں میں بھی بھرپور معاونت کرے گی۔

راجہ نجابت حسین اور اُن کی تحریک کی مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر موثر انداز میں اُجاگر کرنے کی کوششوں اور کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہم تمام کشمیریوں سے توقع کرتے ہیں کہ وہ عالمی سطح پر اپنا موثر کردار ادا کرتے ہوئے عالمی سیاستدانوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے لابی جاری رکھیں گے۔

مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کو بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزادی دلوانے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اِن خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین کی قیادت میں برٹش کشمیریوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔

وفد میں برطانیہ کے کشمیری نژاد صحافی محمد رجاسب مغل، بیگم تسلیم رجاسب اور کشمیر ایکسپریس راولپنڈی کی ایڈیٹر شمیم اشرف شامل تھے۔اس ملاقات کے دوران جموں کشمیر لبریشن سیل کے ڈائریکٹر جنرل ارشاد محمود اور پریس سیکرٹری ہمراہ جناب وزیر اعظم آزادجموں و کشمیر حبیب احمد بھی موجود تھے۔

راجہ نجابت حسین نے مسئلہ کشمیر کو بیرون ممالک اُجاگر کرنے اور برطانوی سیاستدانوں سے اپنی مضبوط لابی کرنے کے علاوہ مستبقل قریب کی سرگرمیوں سے وزیر اعظم آزادجموں و کشمیر کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

راجہ نجابت حسین نے کہا کہ اُن کی تحریک کی برطانیہ بھر میں موجود متحرک ٹیم نے اپنے اپنے علاقوں کے لارڈمیئرز، کونسلرز اور کمیونٹی راہنماؤں کے ساتھ لابی کو مضبوط بنا رکھا ہے اور مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے سلسلہ میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف موضوعات اور عالمی دنوں کی مناسبت سے تقریبات منعقد کرنے کا سلسلہ ہمیشہ کی طرح سے جاری و ساری رکھا ہوا ہے اور برطانوی پارلیمنٹ میں ہونے والی سرگرمیوں میں بھی اُن کی تحریک کے اراکین بھرپور انداز میں شرکت کرتے ہیں اور مسئلہ کشمیر کو برطانیہ بھر میں مضبوط انداز میں اُجاگر کر رہے ہیں اور عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب دلانے میں اپنا بھرپور عملی کردار ادا کرتے چلے آ رہے ہیں۔

راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تحریک کی خواتین عہدیداران برطانیہ بھر میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے سلسلہ میں مختلف تقریبات منعقد کرتی رہتی ہیں اور عالمی ضمیر کو جگاتی رہتی ہیں۔ راجہ نجابت حسین نے وزیر اعظم جموں و کشمیر کی توجہ متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی جانب مبذول کروائی اور وزیر اعظم آزادجموں و کشمیر کو اُن کے مستقبل کے دورہ میرپورکے دوران برٹش کشمیریوں کی جانب سے اپنے علاقوں میں جاری فلاحی کاموں کے معائنے اور اُن کی حوصلہ افزائی کی طرف بھی توجہ دلائی۔

محمد رجاسب مغل نے وزیر اعظم آزادجموں و کشمیر کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ اِ س موقع پر وزیر اعظم آزادجموں و کشمیر نے تمام معاملات اور گزارشات پر خصوصی توجہ دینے اور عملی اقدامات کرنے کا وعدہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Previous Post

کراچی لٹریچرفیسٹیول میں بھارتی اداکار نصیرالدین شاہ کی آن لائن شرکت

Next Post

ایران کا دوسرا فوجی سیٹلائٹ خلا میں روانہ

Related Posts
Total
0
Share