کھاریاں(خصوصی رپورٹر)
یوکے اسلامک مشن نارتھ زون مانچسٹر کے صدر اور یورپین اسلامک سینٹر اولڈھم کے امام و خطیب مولانا محمد اقبال کے صاحبزادے اسامہ اقبال نے قرآن کریم حفظ کر لیا ہے مولانا محمد اقبال نے حافظ اسامہ اقبال کے قرآن کریم حفظ کرنے کی خوشی میں اپنے اساتذہ کرام، عزیز و اقارب ،دوستوں،ساتھیوں کو فیملی سمیت کھاریاں کے مقامی ہال ( سکائی ویز) میں پر وقار تقریب کا اہتمام کیا۔
تقریب کا آغاز مولانا محمد اقبال کے چھوٹے ننھے صاحبزادے حارث اقبال نے کیا- حافظ اسامہ اقبال کی روایتی اعتبار سے دستار بندی بھی کی گئی۔
مولانا محمد اقبال نےحافظ اسامہ اقبال کے قرآن پاک حفظ کرنے پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری یہ دلی خواہش تھی کہ ہمارا بیٹا قرآن پاک حفظ کرے – آج ہمارے بیٹے نے ہماری خواہش کو پورا کر دیا میں اپنی خوشی الفاظوں میں بیان نہیں کر سکتا۔
مولانا محمد اقبال کی آنکھیں خوشی سے پرنم ہو گئیں۔مولانا محمد اقبال نےمعزز مہمانان گرامی مرکز جماعت اسلامی پاکستان کے جوائنٹ سیکرٹری محمد اظہر اقبال،جماعت اسلامی پاکستان صوبہ پنجاب کے امیر حاجی ڈاکٹر طارق سلیم ،پرنسپل جامعہ عربیہ گوجرانولہ کے استاد مولانا عطاء الرحمٰن مدنی،استاد مولانا محمد زہیر ،ناظم اعلیٰ مولانا ضیاء الحق قاسمی ، برطانیہ ،اسلام آباد ،سیالکوٹ و دیگر مقامی و دور دراز سے آنے والوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
جماعت اسلامی پاکستان کے اظہر اقبال،حاجی ڈاکٹر طارق سلیم اور استاد مولانا عطاء الرحمٰن مدنی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک کا حفظ کرنا اتنی بڑی سعادت ہے کہ اس کا تصور کرنا مشکل ہے۔
کل روز قیامت حافظ قرآن کے والدین کو اتنا عظیم الشان تاج پہنایا جائیگا جس کو دیکھ کر تمام انسان رشک کریں گئےاور وہ اپنے خاندان کے دس افراد کی بخشش کا ذریعہ بنے گا۔
مقررین اور معزز مہمانوں نے حافظ اسامہ اقبال اور حافظ اسامہ اقبال کے والدین کو مبارکباد دی۔
آخر میں استاد مولانا عطاء الرحمٰن مدنی نے خصوصی دعا فرمائی۔