مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 4 ارکان قومی اسمبلی کے مسلسل غیر حاضر رہنے پر ان کی رکنیت ختم کرنےکی قرارداد ایوان میں پیش کردی گئی، جس پر اسپیکر نے آئین و قانون کے مطابق کارروائی کا اعلان کردیا۔
پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی نے پی ٹی آئی کے 4 غیر حاضر ارکان کا معاملہ ایوان میں قرارداد کی صورت میں اٹھا دیا۔
شاہدہ رحمانی کی جانب سے پیش کی گئی قرار داد میں کہا گیا کہ بغیر اطلاع 40 روز سے زائد غیر حاضر رہنے پر ان اراکین کی رکنیت ختم کی جائے۔
شاہدہ رحمانی کے قرارداد پیش کرنےکے دوران ہی جی ڈی اے کی رکن فہمیدہ مرزا نے بھی بولنا شروع کر دیا۔
اس موقع پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ صالح محمد خان، غلام محمد لالی ، میاں محمد سومرو اور غلام بی بی بھروانہ 40 دن سے غیر حاضر ہیں، ان ارکان نے ایوان سے استعفیٰ دیا اور نہ ہی چھٹی کی درخواست دی ہے۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ اس قرارداد پر قانون اور آئین کے مطابق کارروائی ہوگی، فی الحال اس معاملے کو مؤخرکیا جاتا ہے۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 11 ارکان کے استعفے قبول کرلیے تھے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے استعفوں کی منظوری کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے استعفوں کی مرحلہ وارمنظوری کا اقدام اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔