مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
صومالیہ کے دارالخلافہ موگا دیشو میں مسلح حملہ آوروں نے ایک ہوٹل پر حملہ کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے ہوٹل میں داخل ہونے سے قبل ہوٹل کے باہر دو کار بم دھماکے کیے اور فائرنگ کرتے ہوئے ہوٹل میں داخل ہو گئے۔
صومالین سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی جانب سے بارود سے بھری ہوئی 2 گاڑیوں کے ذریعے پہلے موگادیشو کے ہوٹل حیات کے باہر دھماکے کیے گئے۔
ایک گاڑی ہوٹل کے راستے پر کھڑی کی گئی رکاوٹوں سے ٹکرائی گئی جبکہ دوسری گاڑی ہوٹل کے دروازے سے ٹکرائی گئی جس کے بعد حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے ہوٹل میں داخل ہوئے اور وہ اب تک ہوٹل کے اندر موجود ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انٹلیجنس ذرائع کا کہنا ہے کہ القائدہ کے ذیلی دہشتگرد گروہ الشباب کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے۔
واقعے میں ہونے والی اموات یا زخمیوں کے بارے میں تاحال کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
خیال رہے کہ حیات ہوٹل صومالیہ میں اعلیٰ سیاسی اور حکومتی شخصیات کیلئے ایک پسندیدہ جگہ سمجھی جاتی ہے، جبکہ الشباب کے دہشتگردوں کی جانب سے 2020 میں موگا دیشو ہی کے ایک اور ہوٹل پر حملے کے دوران 16 افراد کو قتل کیا گیا تھا۔