مشال ارشد سی ایم انڈر گراؤنڈ نیوز
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک غیر معمولی تصویر سامنے آئی جس کو دیکھنے والے صارفین سمیت ہر شخص نے تنقید کا نشانہ بنایا۔
مذکورہ تصویر بھارتی ریاست کرناٹک کے ایک گاؤں سے سامنے آئی جس میں ایک خاندان نے اپنی رشتے دار 95 سالہ خاتون ‘ماری اما’ کی آخری رسومات پر باقاعدہ تصویر کھنچوائی۔
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میت تابوت میں ہے اور میت کے چاروں طرف ہر عمر کے 41 لوگ موجود ہیں جو مسکرا رہے ہیں جیسے یہ کوئی عام تصویر ہو۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماری اما کے 9 بچے ہیں جب کہ ان کے 19 نواسے نواسیاں اور پوتے پوتیاں ہیں۔
ان کے ایک بیٹے نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہا ‘میری والدہ نے زندگی کی 95 بہاریں دیکھیں اور وہ ان میں خوشی سے رہیں’۔
خاتون کے بیٹے کے مطابق لوگ اس تصویر کا مطلب ہی نہیں سمجھے، یہ ان کے لیے ہے جو کسی کے مرنے کے بعد آنسو بہاتے ہیں، ہمارا ماننا ہے کہ خوشی سے انہیں اگلے سفر کے لیے روانہ کیا جائے، اسی لیے ہم نے ایسا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موت افسوسناک ہوتی ہے لیکن ہوسکتا ہے موت کے بعد والی زندگی زیادہ خوبصورت ہو۔