لندن (عارف چودھری)
میاں نواز شریف نے کہا کہ سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، ان حالات میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے تمام اراکین اسمبلی اور کارکنان تمام کام چھوڑ کر سیلاب متاثرین کی مدد میں لگ جائیں اور تمام تر صلاحیتیں لگادیں۔
ن لیگی قائد نے مزید کہا کہ تمام صاحب حیثیت لوگوں سے گزارش کروں گا کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو شاباش دیتا ہوں کہ وہ سیلاب متاثرین کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں، مریم نواز بھی امدادی کاموں کا جائزہ لینے جارہی ہیں۔
نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف اور مریم نواز قوم کے ساتھ مل کر دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آپ بھی آگے بڑھیں اور سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کریں، پریشان حال لوگ آپ کی امداد کے منتظر ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں۔