مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگراوئونڈ نیوز)
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہےکہ عمران خان نے عدالتوں میں پیش ہونے سے انکار کیا تو لازمی ہے اسے گرفتار کرکے پیش کیا جائے گا۔
جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہم توہین عدالت کا رسک نہیں لے رہے، عمران خان نے عدالتوں میں پیش ہونے سے انکار کیا تو لازمی ہے اسے گرفتار کرکے پیش کیا جائے گا، یہ عدالت میں پیش ہو، بری ہوتا ہے تو ہوجائے، سزا ملے تو سامنا کرے۔
انہوں نے کہا کہ 30 اپریل کو الیکشن ہوتا ہے تو حصہ لیں گے، آئین میں صرف 90 دن میں الیکشن کا درج نہیں، کچھ اور بھی درج ہے، آئین میں درج ہے کہ تمام الیکشن ایک ساتھ ہونا چاہیے اور تمام صوبوں میں نگران حکومت ہونا چاہیے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ غیر مشروط تعاون کریں گے، اپنے وسائل الیکشن کمیشن کےسامنے رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں عدلیہ نے اپنے لوگ دینے سے انکار کردیا ہے اور انتخابی عملے میں محکمہ تعلیم کا عملہ 85 فیصد ہوتا ہے، وہ مردم شماری میں مصروف ہے جب کہ آرمی نے بتایا کہ دہشت گردی صورتحال کے پیش نظر آرمی کے پاس فورسز کی کمی ہے۔