مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگراوئونڈ نیوز)
لاہور میں گزشتہ روز کی ہنگامہ آرائی اور پرتشدد واقعات پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔
عمران خان پر مقدمہ ڈی ایس پی رائیونڈ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مسلح افراد سمیت تین، چار سو افراد پر مشتمل جتھے نے ہنگامہ آرائی کی، جتھے میں شریک افراد قومی سلامتی کے اداروں کو دھمکیاں دے رہے تھے، پی ٹی آئی کارکن عمران خان، حسان نیازی، فرخ حبیب، فواد چوہدری، حماد اظہر، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کےکہنے پر اداروں کو دھمکیاں دیتے رہے۔
ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کے مشتعل افراد نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور ڈنڈے برسائے جس میں 13 پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے، پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ کی وجہ سے ان کے اپنے 6 کارکن بھی زخمی ہوئے۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز تحریک انصاف نے آئین اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالنےکا اعلان کیا تھا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے دفعہ 144 نافذکی گئی تھی جس کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے37 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہےکہ لاہور میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حملوں میں 2 ڈی ایس پیز سمیت 11 اہلکار زخمی ہوئے ہیں جب کہ پی ٹی آئی نے مبینہ پولیس تشدد سے اپنے ایک کارکن کی ہلاکت کا بھی الزام لگایا ہے۔