عارف چوہدری
نیلی مسجد راچڈیل میں یونٹی افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں بین المذاہب کمیونٹی کے افراد کو ماہ رمضان کی فضیلت و اہمیت بارے درس دینے کے ساتھ بین المذاہب معاشرے میں اتحاد و اتفاق ،محبت و یگانگت سے رہنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا ۔ راچڈیل کونسل کے مئیر کونسلر سید علی احمد ، کونسلر سردار شاہد محمد کیبنٹ ممبر کونسلر پروفیسر افتخار احمد کونسلر چودھری ارشد کونسلر ثمینہ ظہیر کاروباری شخصیت چودھری خالد کے علاوہ کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات اور نیلی مسجد کی انتظامیہ کے اراکین ظہیر احسان ،عمران ،شاہینہ ،عابدہ نے بھی خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر کونسلر سردار شاہد محمد نے کہا کہ مسجد کی انتظامیہ ہر سال ماہ رمضان میں افطار پارٹی کا اہتمام کرتی ہے جس میں بین المذاہب کمیونٹی شرکت کرتی ہے جنہیں اسلام اور ماہ رمضان کی فضیلت و اہمیت بارے درس دینے کے ساتھ نوجوان نوجوانوں کو آگاہی دی جاتی ہے کہ افطاری حقیقتاً ایک کمیونٹی تقریب ہے۔ نیلی مسجد انتظامیہ کے ایگزیگٹیو رکن ظہیر احسان نے کہا کہ افطار پارٹی میں نوجوانوں کی شرکت ہوتی ہے غیر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شرکت کرتے ہیں آپس میں باہمی روابط سے غلط فہمیاں دور ہوتی ہیں اور غیر مذاہب افراد کو ماہ رمضان کی فضیلت و اہمیت سے بخوبی آگاہی ہوتی ہے۔ نیلی مسجد میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے والی عابدہ بی بی نے کہا کہ غیر مذاہب کو افطار پارٹی پر مدعو کیا جاتا ہے تاکہ بحیثیت کمیونٹی ہمارے اندر باہمی اتحادواتفاق پیدا ہو۔ محترمہ شاہینہ کا کہنا تھا کہ ہم غیر مذاہب کمیونٹی کے افراد کے ساتھ نوجوان نسل کو بھی مدعو کرتے ہیں تاکہ انہیں درس دیا جائے کہ ماہ رمضان برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے اسے ہمیں سب کے ساتھ ملکر منانا چاہیے ۔ نیلی مسجد انتظامیہ کے سینئر رکن عمران نے کہا کہ افطار پارٹی سے بین المذاہب کمیونٹی کے افراد کو مسجد میں آنے کا موقع ملتا ہے اور ہم کئ برسوں سے ماہ رمضان میں اسکا اہتمام کر رہے ہیں تاکہ غیر مذاہب کمیونٹی کے افراد کو افطاری کرنے کا تجربہ ہو۔
نیلی مسجد راچڈیل کی بین المذاہب کمیونٹی کے افراد کو افطار پارٹی پر مدعو کر کے انہیں اسلام اور ماہ رمضان کی اصل روح کا درس دینا قابل ستائش و فخر ہے جس سے دین اسلام کی مثبت تصویر کشی بھی ہوتی ہے