(مصبا ح لطیف اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
کابل: افغانستان میں طالبان حکومت نے بیوٹی پارلرز پر پابندی عائد کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میونسپلٹی میں قائم تمام بیوٹی پارلرز کے لائسنس بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔
بیوٹی پارلرز کو بند کرنے کیلئے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن
محکمہ اخلاقیات کےترجمان محمد عاکف کا کہناہےکہ طالبان رہنماکے زبانی احکامات پر بیوٹی پارلرز پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
محمد عاکف نے بتایا کہ بیوٹی پارلرز کو بند کرنے کیلئے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل طالبان کی جانب سے لڑکیوں کے اسکولز بند کرنے اور خواتین کے کام کرنے پر پابندی جیسے احکامات بھی صادر کیے جاچکے ہیں۔
یہی نہیں خواتین کیلئے عوامی مقامات مثلاً باتھ ہاؤسز ، پارک اور جم جانے پر بھی پابندی عائد کی جاچکی ہے۔
اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں نے طالبان کے خواتین سے متعلق اقدامات کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
گزشتہ ماہ شمالی افغانستان میں لڑکیوں کے اسکول میں زہر آلود مواد پھیلائے جانے کے بعد تقریباً 60 طالبات کی حالت غیر ہوگئی تھی۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ شمالی صوبے سر پل کے ضلع سانچارک میں پیش آیا جہاں طالبات کی حالت غیر ہونے پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔