(مصبا ح لطیف اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
اسرائیل اور بحرین کے درمیان تعلقات معمول پر آنے کے تین سال بعد اسرائیل نے بحرین میں اپنا سفارت خانہ کھول لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بحرین میں اسرائیل کے نئے سفارت خانے کا افتتاح کیا گیا۔اس موقع پر دورہ بحرین پر موجود اسرائیل کے وزیر خارجہ ایلی کوہن نے اپنے بحرینی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔
اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ہمیں براہ راست پروازوں کی تعداد، سیاحت، تجارتی حجم، سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
اس کے علاوہ اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے پیر کے روز بحرین کے ولی عہد اور وزیر اعظم سلمان بن حمد الخلیفہ سے بھی ملاقات کی۔
واضح رہے کہ امریکا کی کوششوں سے اسرائیل کا عرب ریاستوں سے تعلقات بحالی کا ابراہم معاہدہ 2020 میں ہوا تھا۔
اسرائیل بحرین تعلقات ابراہم معاہدے کے تحت ہی معمول پر لائے گئے تھے،ابراہم معاہدے کے تحت اسرائیل کے متحدہ عرب امارات، سوڈان اور مراکش سے بھی تعلقات قائم ہوئے ہیں۔
امریکا ابراہم معاہدے کے تحت اسرائیل، سعودی عرب تعلقات بحالی کے لیے بھی کوشاں ہے۔