Reg: 12841587     

سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ میں ڈائیلاگ کرائیں: پی ٹی آئی کی صدر سے درخواست

مصبا ح لطیف (اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں نے صدر عارف علوی سے رابطہ کرکے انہیں سیاسی جماعتوں بشمول پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکرات کرانے کی درخواست کی ہے۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر علوی اصولاً اس بات سے اتفاق کرتے ہیں لیکن یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ وہ ایسا کرینگے یا نہیں۔ 

9؍ مئی کے واقعات کے بعد جن حالات کا سامنا پی ٹی آئی کو کرنا پڑا ہے اس کی وجہ سے پارٹی کے اندر بہت ہی زیادہ مایوسی پائی جاتی ہے تاہم پارٹی کو عام سیاست میں دوبارہ واپسی کا موقع نہیں مل رہا۔

پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں کے ساتھ پس منظر میں ہونے والی بات چیت سے معلوم ہوتا ہے کہ 9؍ مئی کے حوالے سے پی ٹی آئی کی طے شدہ پالیسی چاہے کچھ بھی ہو لیکن پارٹی رہنما اُس دن پیش آنے والے واقعات اور پارٹی کارکنوں کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری پر دکھائے گئے رد عمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے ایک ذریعے کا کہنا تھا کہ کاش ایسا کچھ بھی نہ ہوا ہوتا، 9؍ مئی کے واقعات نے پارٹی کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔

پارٹی کی نمائندگی کیلئے اب بھی ٹی وی چینلز پر نظر آنے والے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے دی نیوز سے بات چیت میں اس بات کی تصدیق کی کہ حال ہی میں انہوں نے صدر علوی سے رابطہ کرکے درخواست کی ہے کہ پی ٹی آئی سمیت سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان ڈائیلاگ کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صدر علوی اصولی طور پر اس بات سے اتفاق کرتے ہیں لیکن علی محمد خان کو یقین نہیں کہ صدر علوی یہ قدم اٹھائیں گے یا نہیں۔ 

آزاد مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر صدر نے یہ قدم اٹھایا تو ممکن ہے انہیں سیاسی جماعتوں (بالخصوص پی ٹی آئی کی مخالف جماعتوں) اور اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے مثبت جواب نہ ملے۔

ہفتوں قبل عمران خان نے اپنے ایک وکیل کے ذریعے اٹک جیل سے سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان ڈائیلاگ کی پیشکش کا پیغام بھیجا تھا لیکن انہیں کسی کی طرف سے بھی کوئی جواب نہیں ملا۔ 

پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن نے رابطہ کرنے پر کہا کہ پی ٹی آئی سمیت سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکراتی عمل شروع کرنے کا پی ٹی آئی کا مؤقف کوئی نئی بات نہیں۔

انہوں نے اس بات کی تصدیق یا تردید نہیں کی کہ صدر علوی پی ٹی آئی کی جانب سے بات چیت کی درخواست کے بعد ڈائیلاگ شروع کرائیں گے یا نہیں لیکن ان کا کہنا تھا کہ وہ صدر علوی سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں اور ایک یا دو دن میں ان سے دوبارہ ملاقات ہوسکتی ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ یہ عمران خان تھے جنہوں نے خود سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کا کہا تھا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ درست ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما اب 9 مئی کو ہونے والے واقعات پر پچھتا رہے ہیں تو رؤف نے کہا کہ سب سے پہلے 9 مئی کے حوالے سے پی ٹی آئی کی پالیسی یہ ہے کہ معاملے کی تحقیقات ایک آزاد جوڈیشل کمیشن سے کرائی جائے تاکہ ذمہ داروں کو سزا دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستان سے پیار کرتے ہیں اور کوئی بھی پاکستان کو کسی بھی طرح سے نقصان پہنچانا نہیں چاہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا، اس نے انہیں بھی تکلیف دی ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ جب سے انہوں نے اپنی موجودہ ذمہ داری سنبھالی ہے، انہوں نے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے جو قانون اور آئین کی حدود میں رہ کر سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔

اسی دوران پارٹی ذرائع نے اس نمائندے کو بتایا کہ ان کی تمام تر کوششوں کے باوجود پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔ عمران خان سمیت پی ٹی آئی شدت سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ اپنے اختلافات دور کرنا چاہتی ہے لیکن 9 مئی کے واقعات نے تحریک انصاف کے لیے صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Previous Post

ایران کی اسرائیل کے خلاف چند گھنٹوں میں کارروائی کی وارننگ

Next Post

آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے عمان کی رائل آرمی کے کمانڈر کی ملاقات

Related Posts

ممتاز سماجی و کاروباری شخصیت حاجی صابر حسین کو مرزا عبدالقيوم میموریل ہسپتال ( المغل فاؤنڈیشن) کا چئیرمین بننے پر معروف شخصیات اور عوام کی طرف سے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔

روچڈیل سے (سید فرحت حسین کاظمی) سید قمر عباس اسسٹنٹ ناب صدر حبیب بنک لمٹیڈ  نے ان سے…
Read More
Total
0
Share