مصبا ح لطیف (اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار ہوگا کہ ایم کیو ایم سندھ میں الیکشن لڑنے کیلئے اتحاد کرنے جارہی ہے۔
اسی طرح ن لیگ نے بھی ماضی میں سندھ میں الیکشن لڑنے کیلئے کبھی اتحاد نہیں کیا، اس لیے ان دونوں جماعتوں کا اتحاد اس بات کا اعتراف ہے کہ وہ تنہا پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کر سکتیں ۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے میئرکراچی نے کہا کہ کراچی میں ایم کیوایم کی طاقت ختم ہوگئی ہے، سندھ میں الیکشن لڑنے کیلئے انہیں اتحاد کرنے کی ضرورت پیش آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور ایم کیو ایم اپنے ساتھ دوسروں کو بھی ملادیں تب بھی سندھ کی 130 نشستوں کیلئے ان کے پاس اُمیدوار نہیں ہوں گے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں سندھ میں کسی اتحادی کی ضرورت نہیں، کراچی میں سب سے مضبوط پارٹی پیپلزپارٹی ہے، ابھی تک کراچی میں کسی سے اتحاد کا فیصلہ نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ آئندہ عام انتخابات کیلئے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی جانب سے پہلے گرانڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے ساتھ اتحاد کی خبریں سامنے آئیں تھیں اور اب ن لیگ کے ساتھ عام انتخابات کیلئے اتحاد کی خبریں ہیں۔
ایم کیو ایم وفد نے رائے ونڈ میں ن لیگ کے قائد سے ملاقات کی جہاں دونوں جماعتوں کے درمیان الیکشن اتحاد کا فیصلہ کیا گیا۔