دبئی (خصوصی رپورٹ)
امارات نے اتوار کو ایک نئے ویزے کا اعلان کیا جو غیر ملکیوں کو بغیر کسی آجر کے سپانسر کئے ملک میں کام کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ اس ویزے میں رہائش کے ضوابط کو بھی نرم کیا گیا ہے تاکہ معاشی ترقی کو بڑھایا جا سکے۔ امارات کے وزیر مملکت برائے فارن ٹریڈ ثانی بن احمد الزیودی نے نئے ویزے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ انتہائی ہنر مند افراد، سرمایہ کاروں، کاروباری افراد، انٹرپرنیورز کے ساتھ ساتھ غیر معمولی صلاحیتیوں کے حامل طلبہ اور پوسٹ گریجویٹس کے لیے ہے۔ نئے ’گرین ویزا‘ رکھنے والے افراد کمپنی کی سپانسرشپ کے بغیر کام کرسکیں گے ساتھ اپنے والدین اور 25 سال تک کے بچوں کو سپانسر کرسکتے ہیں۔ نئی ویزہ سکیم ان 50 اقدامات میں سے ایک ہے جو امارات نے اپنے 50 ویں یوم الوطنی کی مناسبت سے کررہا ہے۔ امارات نے سال 2019 میں 10 سالہ گولڈن ویزہ کا اجرا کیا تھا جو خلیج میں اپنی نوعیت کی پہلی سکیم تھی۔ واضح رہے کہ امارات کی آبادی کا 90 فیصد غیرملکیوں پر مشتمل ہے۔