مصبا ح لطیف (اے ای انڈرگرائونڈ نیوز)
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود کے خلاف سائفر کیس کا ٹرائل روک دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سائفر ان کیمرا ٹرائل کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے آغاز پر جسٹس میاں گل حسن نے سوال کیا کہ آپ کا نکتہ کیا ہے؟ اس پر وکیل عثمان گل نے کہا کہ نکتہ یہ ہے کہ فرد جرم سے پہلے قانونی طریقہ کار مکمل نہیں کیا گیا، جج نے جس نوٹیفکیشن کا حوالہ دیا وہ یکم دسمبر کا ہے اور سائفر ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چل رہا ہے۔
عدالت نے سوال کیا کہ اب تک کتنے گواہان کے بیانات مکمل ہو چکے؟ وکیل نے بتایا کہ کُل 27 گواہان میں سے 25 کے بیانات اور تین کی جرح مکمل ہوئی ہے۔
دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے سائفر ٹرائل پر حکم امتناع کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پہلے نوٹس ہوں گے۔
عدالت نے سائفر کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے خلاف درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کردیا اور عمران خان کے وکیل کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر سائفر ٹرائل سے متعلق تمام ضروری دستاویزات جمع کرائیں۔
دوران سماعت عدالت نے ان کیمرا ٹرائل پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ اوپن ٹرائل کا مطلب اوپن ہوتا ہے اس میں میڈیا اور پبلک کو آنے کی اجازت ہوتی ہے۔
عدالت نے کہا کہ جو ان کیمرا ٹرائل ہے اس سے متعلق عدالت واضح احکامات دے چکی ہے کہ جیل ٹرائل کا مطلب ان کیمرا نہیں ہوتا بلکہ وہ اوپن ٹرائل بھی ہوسکتا ہے صرف فیملی اور چند لوگوں کے ساتھ اسے اوپن ٹرائل نہیں کہا جاسکتا۔
عدالت نے سائفر ٹرائل پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے اسے 11 جنوری تک روک دیا۔
عدالت نے کہا کہ اس کیس میں گواہان کے بیانات قلمبند ہوئے تھے اس پر قانونی سوالات ہیں جس کا عدالت 11 جنوری کو جائزہ لے گی۔
واضح رہےکہ عمران خان اور شاہ محمود کے خلاف سائفر کیس کا ان کیمرا ٹرائل اڈیالہ جیل میں جاری ہے۔