گلناز زاہد(اے ای انڈرگراونڈ نیوز)
متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) پاکستان نے نئے مالی سال کے بجٹ میں اپنے مطالبات وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے رکھ دیئے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم سے بجٹ میں کراچی کےلیے پانچ سالہ سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبہ (سوشیو اکنامک ڈیولپمنٹ پلان) دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے پاس صوبائی حکومت نہیں ہے اس لیے وفاق ہمارے ایم این ایز کو فنڈز جاری کرے اور اس حوالے سے ایم کیو ایم نےکراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص کے لیے وفاق سے38 ارب روپے کے فنڈز مانگ لیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی کے لیے پانی کے منصوبے کے فور اور سیوریج کے منصوبے ایس تھری کو اسی سال مکمل کرنے اور کامیاب جوان یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو بلاسود قرضے دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے ایم کیو ایم نے وفاقی حکومت سے بجٹ میں گرین لائن پروجیکٹ کی توسیع، بلیو لائن اورکراچی سرکلر ریلوے پروجیکٹ کے لیے بھی فنڈز رکھنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ کراچی پورٹ سے پپری تک فریٹ کوریڈور سمیت بن قاسم پر ٹیکسٹائل سٹی پروجیکٹ کی تکمیل کے لیے بھی فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔