گلناز زاہد(اے ای انڈرگراونڈ نیوز)
امریکی سفارت خانے میں امریکا کے 248 ویں یوم آزادی کی تقریب کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے امریکی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام غزہ میں جنگ اور تشدد کے خاتمے کے لیے امریکا سے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں جب کہ جموں و کشمیر کے عوام کے جمہوری حق خود ارادیت کی حمایت کے لیے امریکا سے مثبت امیدیں ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات اتنے ہی پرانے ہیں جتنا خود پاکستان ہے، حال ہی میں امریکی عوام کی کرکٹ کے کھیل میں گہری دلچسپی دیکھی گئی، حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے دونوں ممالک میں لاکھوں لوگ لطف اندوز ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جغرافیائی لحاظ سے خطے کا اہم ترین ملک ہے، پاکستان قدرتی، انسانی وسائل اور صلاحیتوں سے مالامال ملک ہے ، 60 فیصد پاکستانیوں کی عمر 30 سال سے کم ہے،باصلاحیت نوجوان ہماری آبادی کا اہم ترین اثاثہ ہیں، نوجوانوں کی بڑی تعداد پاکستان کو جدت، صنعت کاری، اور اقتصادی ترقی کے وسیع مواقع پیش کرتی ہے۔