Reg: 12841587     

دنیا کی بلندترین عمارت پر پاکستانی پرچم لہرایا گیا

(دبئی بیوروچیف)

متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری نے یوم پاکستان بھرپور قومی جوش وجذبے کے ساتھ منایا۔ اس دن کے حوالے سے ابوظبی میں پاکستانی سفارتخانے میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضال محمود نے پرچم کشائی کی جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔ اس موقع پر صدر مملکت، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ پاکستان کے سفیر افضال محمود نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ دن ہے جس دن 1940 میں ہمارے بزرگوں نے ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ کرنے کا فیصلہ کیا جہاں وہ اپنی امنگوں کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ انھوں نے کہا کہ چند برس میں یہ خواب پورا ہوا اور 14 اگست 1947 کو پاکستان ایک آزاد ریاست کے طور پر عالمی نقشے پر ابھرا۔ ہم ملک کے بانی قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے بہتر مستقبل کے حصول کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پاکستانی سفیر نے وطن کی ترقی اور خوشحالی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دو برادر ممالک کے مابین ایک پل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کی مشترکہ تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے مواقع سے استفادہ کرنے میں حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ انہوں نے ترقی کے راستے میں آنے والے ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے سب کو متحد، منظم اور پرعزم رہنے کی کی تاکید کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک کی خدمت کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں بھی پوری ذمہ داری اور عزم کے ساتھ کردار ادا کریں۔ افضال محمود نے متحدہ عرب امارات میں اپنی سفارتی ٹیم کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی قوم کے مفاد کو فروغ دینے کے لئے برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ملکوں کی حکومتوں اور عوام کے درمیان رابطوں کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ پاکستانی قونصل خانہ دبئی میں بھی یوم پاکستان منایا گیا۔ تقریب کا افتتاح قونصل جنرل پاکستان احمد امجد علی نے کیا۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار اور شراکت کو سراہا اور کہا کہ تقریبا 16 لاکھ پاکستانی متحدہ عر ب امارات میں مقیم ہیں اور وہ پاکستان سے باہر دوسری بڑی تارکین وطن کیمونٹی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کیمونٹی نے اپنی لگن، محنت اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ احمد امجد علی نے متحدہ عرب امارات کی مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔  یوم پاکستان کی مناسبت سے دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر لیزرکی مدد سے  پاکستانی پرچم لہرایا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Previous Post

لاہورہائی کورٹ میں مریم نواز کی درخواست پر سماعت

Next Post

امارات نے ریموٹ ورک ویزہ اور 5 سالہ ملٹی پل انٹری ویزہ متعارف کرادیا

Related Posts
Total
20
Share