مشال ارشد سی ایم انڈرگراونڈنیوز
حال ہی میں ہونے والی ایک تحقیق سے علم ہوا کہ چائے پینے سے دل کے امراض، دل کے دورے اور فالج کا خطرہ 10 سے 20 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
یورپین جرنل آف پریوینٹو کارڈیولوجی کی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق جو لوگ ہر ہفتے کم از کم تین کپ چائے پیتے ہیں، انہیں نہ پینے والوں کے مقابلے میں دل کے مسائل کا کم خطرہ درپیش رہتا ہے۔
چائے کے شوقین لوگوں میں دل کے مسائل کی وجہ سے اموات بھی 22 فیصد کم ہیں اور وہ انہی وجوہات کی بنا پر قبل از وقت اموات سے 15 فیصد کم شکار ہوتے ہیں۔
چائے کی چاروں اقسام سیاہ، سبز، سفید اور اولونگ سب میں صحت کے مفید نتائج ظاہر ہوتے ہیں، سبز اور سیاہ چائے تو گویا طاقت کا خزانہ ہیں جن کے روزانہ دو یا اس سے زیادہ کپ پینے کی تجویز دی جاتی ہے۔
صبح سیاہ چائے اور دوپہر میں سبز چائے کا استعمال زیادہ موزوں ہے کیونکہ سبز چائے میں کیفین کم ہوتی ہے اور دن ڈھلنے کے ساتھ کیفین والی چائے کا استعمال اچھا نہیں ہوتا کیونکہ اس سے نیند متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
لیکن خیال رہے کہ یہ سارے فوائد سادہ چائے کے ہیں، دودھ پتی اور دودھ اور شکر سے بھری چائے کے نہیں۔