اسلام آباد/لندن (عارف چودھری)
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ بیس کیمپ کی حکومت مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور آزادخطے کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے گی۔
۔اووسیز میں بسنے والے کشمیریوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ حاصل کریں گے،کشمیری نژاد برطانوی اراکین پارلیمنٹ اور کشمیری تنظیموں سے مل کے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کریں گے۔
وزیرا عظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق مسئلہ کشمیر کو ہر بین الاقوامی پلیٹ فارم پرمنظم انداز میں اٹھائیں گے۔اوورسیز رہنماؤں کی مشاورت سے فلاح وبہبود کے منصوبے بھی شروع کریں گے۔
آزادکشمیر میں کشمیر کوریڈور کی تکمیل سے ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیاز ی نے برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر گروپ کے سیکرٹری لارڈ قربان حسین کی قیادت میں ملنے والے وفد سے کیا جس میں جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، برطانیہ کی ممتاز کاروباری شخصیت چوہدری محمد شبیر اور سابق ڈائریکٹر انفارمیشن آزادکشمیر محمد رشید چوہدری شامل تھے۔
وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت بیس کیمپ کو حقیقی معنوں میں تحریک آزادی کشمیر کا مرکز اور آزادکشمیر کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کے لیے پاکستان سے بھرپور معاونت لے کر نئے نئے منصوبے شروع کرے گی اور تمام جاری منصوبوں کو مکمل کرے گی۔
آزادکشمیر کے عوام جلد معاشی خوشحالی کے حوالے سے تبدیلیاں محسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کو پاکستان سے ملانے والی سڑکوں کے حوالہ سے حکومت پنجاب اور خیبرپختونخواہ سے مل کر ان کی بہتری پر خصوصی توجہ دیں گے تاکہ عوام کو بہتری سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
لارڈ قربان حسین نے اس موقع پر کہا کہ اوورسیز کشمیری تحریک آزادی کشمیر کا سفارتی محاذ پر ہر اول دستہ ہیں جن کی خدمات سے آزادکشمیر حکومت کو فائد ہ اٹھانا چاہیے۔
دریں اثناء وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی سے اوورسیز پاکستانیز ویلفیئرکونسل برطانیہ یورپ کے وفدنے ملاقات کی۔وفد نے سردار عبد القیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بننے پر دلی مبارکباد دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیااور ستمبر میں لندن میں ہونیوالی اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔