مزمل حسین ایڈمنسٹریٹر آفسیر انڈرگراونڈ نیوز
سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پھر 31 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 787 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 57 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 6 ہزار 595 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 33 فیصد ہو گئی۔
پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 26 ہزار 35 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 11 لاکھ 71 ہزار 578 ہو چکی ہے۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 90 ہزار 76 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 606 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 10 لاکھ 55 ہزار 467 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔