نمائندہ خصوصی (اسلام آباد)
اسلام آباد: پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن سے اپنے خلاف نااہلی کا کیس خارج کرنے کی استدعا کردی۔
الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سینیٹر فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں فیصل واوڈا کمیشن میں پیش ہوئے۔
الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو کیس میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے سے استثنیٰ دے دیا جب کہ واوڈا کے وکیل نے دلائل دینے کے لیے الیکشن کمیشن سے وقت مانگ لیا۔
سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ چار میں سے دو درخواستگزاروں نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع نہیں کرایا، تمام درخواست گزاروں کو اکٹھا سنیں گے۔
فیصل واوڈا نے کمیشن کو بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے میرے خلاف درخواست خارج کی تھی، الیکشن کمیشن سے بھی استدعا کرتا ہوں کہ درخواستوں کو خارج کیا جائے کیونکہ الیکشن کمیشن کا قیمتی وقت ضائع کیا جا رہا ہے۔
فیصل واوڈا کی استدعا پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ درخواستگزاروں کا جواب آنے پرجائزہ لے کر ہی فیصلہ دیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے درخواستگزاروں سے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لیے اور مزید سماعت 20 مئی تک ملتوی کردی۔