مشال ارشد سی ایم انڈرگراونڈ نیوز
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر کمزور ہورہی ہے کاروبار کی بندش کی طرف نہیں جارہے ۔
پریس کانفرنس کے دوران اسد عمر نے کہا کہ مکمل ویکسینیشن نہ کرانے والے افراد 30 ستمبرکے بعد فضائی سفر نہیں کرسکیں گے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے خبردار کیا کہ کورونا ویکسین نہ لگوانے والے ہوٹل اور گیسٹ ہاؤسز بھی بک نہیں کراسکیں گے، ان کا داخلہ شاپنگ سینٹرز میں بھی بند کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر کمزور ہورہی ہے،کاروبار کی بندش کی طرف نہیں جارہے،40 فیصد آبادی کی مکمل ویکسینیشن کا ہدف حاصل کرلیا تو پابندیوں میں کمی کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آکسیجن کی طلب میں چند ہفتوں میں 2 گنا اضافہ ہوا، ہم نے 24اضلاع میں مزید بندشیں لگائیں تھیں، جن اضلاع میں اسپتالوں پر دباؤ تھا وہاں مزید پابندیاں لگائیں تھیں، اب 24میں 18 اضلاع میں بہتری نظر آرہی ہے۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا کہ پنجاب کے 5 اور خیبر پختونخوا کے ایک ضلع میں مزید ایک ہفتے کیلئے پابندیاں قائم رہیں گی، ان 6 اضلاع میں اسکولز کو مکمل طور پر بند کیا گیا تھا جنہیں اب 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسد عمر نے بتایا کہ ان چھ اضلاع میں ان ڈور ڈائننگ بدستور بند ہوگی، انڈور اجتماعات پر پابندی قائم رہےگی۔
انہوں نے بتایا کہ ملک کے دیگر اضلاع میں کورونا کے حوالے سے پہلے سے نافذ پابندیوں کو 30 ستمبر تک برقرار رکھا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کے عمل میں مزید تیزی دیکھنا چاہتے ہیں، ہر ضلع میں چالیس فیصد لوگوں کی مکمل ویکسینیشن کا ہدف رکھاہے، یہ ہدف مکمل کرلیا تو پابندیوں میں کمی کی جاسکتی ہے،ہم عمومی طورپر کاروبار کی بندش کی طرف نہیں جارہے۔