مشال ارشد سی ایم انڈرگراونڈنیوز
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نےکہا ہے کہ میرا تمام اداروں سے مطالبہ ہےکہ اس قوم کو ہر صورت 2023 میں شفاف الیکشن مہیا کرنے ہوں گے۔
راولپنڈی میں پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب میں شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ اگر 2023 میں شفاف الیکشن ہوئے تو ہم پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر دفن کر دیں گے، سلیکٹڈ وزیر اعظم نے ملک کو تباہ کردیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں عوام نے پی ٹی آئی کا صفایا کردیا ، ایک کروڑ نوکریاں دینے کا دعوٰی کرنے والوں نے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کردیا ۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ 2023 میں شفاف انتخابات کرانے ہوں گے، شفاف انتخابات کا مطالبہ الیکشن کمیشن ، عدلیہ اور تمام اداروں سے ہے، 3 سال پہلے سلیکٹڈ وزیراعظم کو سلیکٹ کرا کے پاکستان کی تباہی کرائی گئی، اب ملک بھر میں عوام کی آنکھیں کھل گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی کوئی عزت نہیں، ملک کو کنگال کردیا ہے، قرضے لےکر ملک کو بدحال کر دیا ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم کہتا ہےکہ گھبرانا نہیں ہے،کہتے تھے 1 کروڑ نوکریاں دیں گے، لاکھوں لوگوں کا روزگار چھین لیا، آج غریب کو دوائی نہیں ملتی، آٹا،دال ، چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2018 کےہمارے منشور میں لوگوں کے لیےگھر بنانےکا کہا گیا تھا، آج ہمارا دور ہوتا تو ہم لاکھوں لوگوں کو گھر بنا کر دے چکے ہوتے، لاکھوں لوگوں کو روزگار مل چکا ہوتا۔