کراچی (خصوصی رپورٹ)
سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان سمیت مزید چھ ممالک کے مسافروں کو براہ راست مملکت آنے کی اجازت کے اعلان کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے ہفتہ وار 35 پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ 35 پروازیں یکم دسمبر سے اسلام آباد، لاہور، پشاور، ملتان اور کراچی کے ایئرپورٹس سے سعودی شہروں جدہ، مدینہ، ریاض، دمام اور القسیم کے لیے چلائی جائیں گے۔ دوسری طرف براہ راست پروازوں کا اعلان ہوتے ہی پی آئی اے کے کرایوں میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
اور ٹریول ایجنٹس کے مطابق جدہ کے لیے ریٹرن ٹکٹ کا ایک لاکھ ستر ہزار تک پہنچ گیا ہے جو چند روز قبل تک 65 سے ستر ہزار روپے تھا۔ اسی طرح ایئر لائنزز کو جاری ہدایت کے مطابق پی آئی اے کے پہلے سے خریدے گئے جزوی استعمال شدہ ٹکٹ میں تبدیلی پی آئی اے کے بکنگ آفسز میں 50 ہزار کی ادائیگی پر دستیاب ہو گی۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے کے ٹکٹس کی قیمتوں میں اضافہ شاید اس وجہ سے دیکھنے میں آ رہا ہےکہ پچھلی انوینٹری جلدی بِک چکی ہے اور جب فلائٹس میں گنجائش کم ہو جائے تو زیادہ کرایے والی کلاسز کے ٹکٹ ہی باقی رہ جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے سعودی عرب کے لیے کرائے 67 ہزار سے شروع ہوتے ہیں۔ تاہم ایک ٹریول ایجنٹ کا کہنا ہے چار دسمبر کے لیے اگر پی آئی اے سے جدہ کی ٹکٹ بک کی جائے تو اس وقت کم سے کم قیمت ایک لاکھ ستر ہزار روپے آ رہی ہے جبکہ دیگر کیٹیگریز میں دو لاکھ چار ہزار روپے تک کا ٹکٹ مل رہا ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق چونکہ سعودی حکومت کی ہدایت کے مطابق مملکت میں بغیر دونوں ویکسین لگوائے براہ راست آنے والے مسافروں کو پانچ دن قرنطینہ کرنا ہوگا اس لیے ٹریول ایجنٹس پی آئی اے کی منظور شدہ کمپنیوں سے پانچ دن کا قرنطینہ پیکج اپنے طور پر خریدیں۔ یہ خریدنا مسافروں کی ذمہ داری ہو گی۔
ٹریول ایجنٹس کے مطابق قرنطینہ پیکج 1500 ریال سے شروع ہوتا ہے اور اس میں پانچ دن کا ہوٹل میں قیام، کھانا، پی سی آر ٹیسٹ اور ایئرپورٹ سے پک اینڈ ڈراپ سروس شامل ہے۔ یاد رہے کہ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان سمیت چھ مزید ممالک سے آنے والے مسافروں کو یکم دسمبر 2021 بروز بدھ سے براہ راست مملکت آنے کی اجازت ہو گی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ مذکورہ ممالک سے آنے والے مسافروں کو پانچ دن قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے خواہ انہوں نے اپنے ممالک میں کورونا ویکسین بھی لگوائی ہوـ سعودی عرب کے اعلان کے بعد پاکستان میں پی آئی اے اور سعودی ایئر لائنز کے دفاتر میں مسافروں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔