دبئی (بیورورپورٹ)
متحدہ عرب امارات کی گولڈن جوبلی تقریبات کی مناسبت سے 50 درہم کے نئے نوٹ کا اجراء کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں پولیمر مواد سے بنایا گیا یہ پہلا بینک نوٹ ہے۔ سرکاری نیوز ایجسنی وام کے مطابق نئے نوٹ کے اگلے حصے میں دائیں جانب مرحوم شیخ زاید بن سلطان آل نھیان کی تصویر ہے اور مرکزمیں یونین کے دستاویز پر دستخط کرنے کے بعد بانیوں کی یادگاری تصویر کے علاوہ وحدۃ الکرامہ کی تصویر بھی ہے جبکہ امارات کے شہداء کی یادگار بائیں طرف ہے۔ بینک نوٹ کے پچھلے حصے میں مرحوم شیخ زاید بن سلطان کی یونین کے معاہدے پر دستخط کرنے والی تصویر اور اتحاد میوزیم کی تصویر شامل ہے جس میں یونین کے قیام اور متحدہ عرب امارات کا پرچم پہلی بار بلند ہونے کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔
اپنے پائیداری کے اقدامات کے مطابق مرکزی بنک 50 درہم کے قومی کرنسی کا نیا اجراء کررہا ہے جو کہ پولیمر سے بنا متحدہ عرب امارات کا پہلا بینک نوٹ ہو گا۔ پولیمر بینک نوٹ روایتی کاغذ کے بینک نوٹوں کے مقابلے میں زیادہ پائیدار ہوتے ہیں اور زیادہ وقت تک چلتے ہیں۔ پولیمر کو مکمل طور پر ری سائیکل کیا جا سکتا ہےاس طرح ان کے ماحولیاتی اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ اس نئے نوٹ کا ڈیزائن مخصوص جمالیاتی خصوصیات پر مشتمل ہے جس میں بنفشی کے مختلف شیڈز،درمیان میں متحدہ عرب امارات کے قومی برانڈ کے فلوروسینٹ نیلے نشانات اور ڈرائنگز کو جدید انٹیگلیو پرنٹنگ تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے بنایا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے مرکزی بنک نابینا اور بصارت سے محروم صارفین کو بینک نوٹ کی قدر کی شناخت کرنے میں مدد کرنے کے لیے بریل میں نمایاں علامتیں شامل کی ہیں۔ نئے بینک نوٹ میں صارفین کے اعتماد کو بڑھانے اور جعل سازی کا مقابلہ کرنے کے لیے جدید ترین حفاظتی خصوصیات بھی شامل ہیں۔ نئے نوٹ مستقبل قریب میں مرکزی بینک کی شاخوں اور اے ٹی ایم میں دستیاب ہوں گے موجودہ 50 درہم کا کرنسی نوٹ بھی گردش میں رہے گا جس کی قدرکی ضمانت قانون کی طرف سے دی گئی ہے۔