مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
کراچی: سندھ حکومت خصوصی طور پر خواتین کیلئے کراچی میں یکم فروری سے پنک بس سروس شروع کر رہی ہے جس میں مرد مسافروں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
ذرائع کے مطابق خواتین کیلئے مخصوص پنک بس سروس پہلے مرحلے میں کراچی کے دو روٹس پر چلائی جا رہی ہے، ابتدائی طور پر ایک روٹ ماڈل کالونی سے براستہ شاہراہ فیصل، میٹروپول، آئی آئی چندریگر روڈ سے میری ویدر ٹاور تک ہے جب کہ دوسرا روٹ میری ویدر ٹاور سے صدر کے راستے ضلع سینٹرل تک جائے گا جو بعد میں چلایا جائے گا۔
پنک بس سروس خواتین کے لیے مخصوص پاکستان کی پہلی پبلک ٹرانسپورٹ سروس ہوگی، پنک بس سروس کیلئے ابتدائی مرحلے میں 8 بسیں حاصل کی گئی ہیں، پہلا روٹ کامیاب ہونے کی صورت میں دوسرے روٹ کیلئے بسیں تیار کی جائیں گی۔
پنک بس سروس کا کرایہ 50 روپے ہوگا اور اس کا آغاز یکم فروری سے کیا جائے گا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے پنک بس سروس کےلیے بسوں کی خریداری کرلی ہے، یہ بس کراچی پہنچ چکی ہیں اور سروس فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب اس حوالے سے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی کے روٹ 4، 5, 6 اور 7 پر جلد از جلد بسیں چلانی ہیں، اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ شہریوں کو جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر ہو۔