مصباح لطیف(اے۔ای انڈرگرائونڈ نیوز)
وباؤں سے بچاؤ کے لیے اسپین کے گاؤں میں ادا کی جانے والی قدیم رسم کی کورونا وبا کے دوران واپسی ہوئی ہے۔
اسپین کے ایک چھوٹے گاؤں سان بارٹولوم ڈی پنارس میں بیماریوں اور بلاؤں کو دُور کرنے کے لیے ہر سال جنوری میں یہ تہوار منایا جاتا ہے جسے ’لومیناریاس‘ کا نام دیا گیا ہے۔
سان بارٹولوم ڈی پنارس ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ سے 60کلومیٹرز مغرب میں واقع ہے۔
اسپین میں رائج ایک قدیم رسم کے تحت وباؤں سے نمٹنے کے لیے سرپٹ دوڑنے والے گھوڑوں کو تاریکی سے اچانک باہر لا کر دہکتے اَلاؤ پر سے گزارا جاتا ہے۔
پہلے گھوڑے کے گزرنے کے بعد دوسرا پیچھے آتا ہے اور پھر ان کا ایک گروہ، اپنے کھروں سے چنگاریاں اڑاتا الاؤ سے گزرتا ہے۔
اس تہوار میں شرکت کے لیے سینکڑوں لوگ جمع ہوتے ہیں۔ یہ تہوار کورونا وبا کے باعث گزشتہ برس نہیں منایا گیا تھا۔
اس تہوار کا آغاز 18 ویں صدی کے آغاز میں ہوا تھا جب ایک وبا نے گھوڑوں کی آبادی کو تباہ کر دیا تھا۔
29 سالہ فزیو تھراپسٹ لیٹیشیا مارٹن کا کہنا ہے پہلے زمانے میں جانور وبا کی وجہ سے مرتے تھے، تو انہیں جلانا پڑتا تھا، لہٰذا اس کے بعد سے لوگوں نے یقین کرنا شروع کر دیا کہ دھواں جانوروں کی حفاظت کرتا ہے۔
اسپین کے میوزیم آف دی ہسٹری آف میڈیسن کے اینٹون ایرکوریکا کے مطابق ، ’یہ آگ، جو جانوروں کو تمام بیماریوں سے پاک کرتی ہے، سان اینٹون یعنی 17 جنوری کے دن کے موقع پر روشن کی جاتی ہے،اس تہوار کے دوران جانوروں کے لیے اسپین بھر میں اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں۔‘